لبنانی مسلح افواج کے سربراہ کی جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی

لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل رودولف ہائکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تربیتی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور ادارہ جاتی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی لبنان کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
لبنانی آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام اور عالمی امن مشنز میں کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔