اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(آصف ملک)

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 100.01 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے قریب ایک گاڑی سے 310 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

ایک اور کارروائی میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے جوتوں سے 970 گرام آئس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر بحرین جانے والی خاتون کے پیٹ سے 210 گرام وزنی 30 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، جس پر خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔

لاہور کے اپر مال کے علاقے میں واقع ایک کوریئر آفس میں کویت بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران سنوکر ٹیبل میں چھپائی گئی 2.520 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔

ادھر بالیلی، ضلع کوئٹہ کے قریب ایک گاڑی سے 84 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مری روڈ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر دو ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔