بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سمندری سیکیورٹی کے امور زیرِ بحث آئے۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں مشترکہ بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی سمندری استحکام کا اہم ضامن قرار دیا۔
ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کی جدیدکاری، صلاحیتوں میں اضافہ، انفراسٹرکچر کی ترقی، مقامی سطح پر دفاعی پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ دونوں فریقوں نے ڈرونز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید سینسرز، ڈیجیٹل جدت اور فضائی دفاع سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی دفاعی جدیدکاری اور مقامی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے مضبوط دفاعی تعلقات کا عکاس ہے اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔