قرآن صرف تلاوت کی کتاب نہیں، اسے سمجھ کر زندگی میں نافذ کرنا ہوگا، علامہ سید ریاض حسین شاہ

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

*قرآن صرف تلاوت کی کتاب نہیں، اسے سمجھ کر زندگی میں نافذ کرنا ہوگا، علامہ سید ریاض حسین شاہ*

علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ قرآنِ مجید محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ اسے سمجھنے، غوروفکر کرنے اور زندگی کے ہر معاملے میں اس سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن سے مضبوط تعلق ہی فرد کی اصلاح اور معاشرے کی بہتری کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

 ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید میں ہفتہ وار محفلِ ذکر و درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ قرآنِ مجید محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ اسے سمجھنے، غوروفکر کرنے اور زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن انسان کو عاجزی، برداشت، حسنِ اخلاق، امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے، اس لیے اختلاف کے باوجود شائستگی اور تحمل کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ نے انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم، توحید، اخلاق، عدل اور خدمتِ خلق کا راستہ دکھایا۔ انسان کی حقیقی شناخت ایمان، قرآن، سنت اور کردار سے ہوتی ہے۔انہوں نے اہلِ بیتِ اطہار سے محبت کو ایمان و عقیدت کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ، حضرت حسنؓ، حضرت حسینؓ اور اہلِ بیت کی سیرت ہمارے لیے صبر، شجاعت، حق گوئی اور استقامت کا عملی نمونہ ہے، جبکہ واقعۂ کربلا حق کی سربلندی اور قربانی کا عظیم درس دیتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ پر زور دیا کہ قرآن کو سمجھیں، اس پر غور کریں اور اس کے پیغام کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔ محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ، ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔