
شکارپور روڈ سکھر پر اے این ایف کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، ایمبولینس کے خفیہ خانوں سے 36 کلو چرس اور 13 کلو 400 گرام آئس برآمد
سکھر (صلاح الدین قریشی) اینٹی نارکوٹکس فورس نے شکارپور روڈ سکھر پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایمبولینس کی آڑ میں بلوچستان سے سندھ منشیات اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 49 کلو 400 گرام منشیات برآمد کرکے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران ایمبولینس کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی 36 کلوگرام چرس اور 13 کلو 400 گرام آئس برآمد ہوئی، گرفتار ملزم کی شناخت لیاقت علی سکنہ شکارپور کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات بلوچستان سے سندھ اسمگل کی جارہی تھیں۔ ترجمان کے مطابق اے این ایف کے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ منشیات اسمگلر ایمبولینس کی آڑ میں منشیات کی بڑی کھیپ بلوچستان سے سندھ منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جس پر مسلسل نگرانی اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ترجمان اے این ایف نے کہا کہ ایمبولینس جیسے انسانی خدمت کے لیے مختص ذریعے کو منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنا نہ صرف ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے بلکہ ہنگامی حالات میں ایمبولینس کے حقیقی اور جائز استعمال کو بھی مشکوک بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کارروائی منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے اور ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن کے تحت کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔





