راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
جامع مسجد شیخ محمد امین میں 16ویں عظیم الشان شہدائے کربلا کانفرنس، امام حسینؓ کی سیرت کو امت کے لیے مشعلِ راہ قرار
جامع مسجد شیخ محمد امین، خیابانِ سرسید، اعوان مارکیٹ کے زیرِ اہتمام 16ویں سالانہ عظیم الشان شہدائے کربلا کانفرنس نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوئی، جس میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔کانفرنس سے سرپرستِ اعلیٰ ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ خیابانِ سرسید سید ریاض حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا ایمان، بصیرت، حق شناسی اور باطل کے مقابلے میں استقامت کی لازوال علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی قرآنِ مجید کی تعلیمات کی عملی تفسیر ہے اور امت اگر اخلاص کے ساتھ صحیح رہنمائی اختیار کرے تو اس کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ فکرِ حسینؓ، محبتِ اہلِ بیتؓ اور قرآنی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں تاکہ ایک صالح، باکردار اور متحد معاشرہ تشکیل پا سکے۔
محفل میں سید فیصل ریاض حسین شاہ، سید نعمان ریاض حسین شاہ، سید بشیر حسین شاہ، سید سجاد مظہر گیلانی، سید ضیاء الحق شاہ گیلانی، علامہ بشیر القادری اور مفتی رضوان انجم نے بھی شرکت کی۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ محمد قاسم اور صفدر علی محسن نے انجام دیے،جبکہ معروف ثناء خواں زین العابدین میثمی، الحاج محمد شہزاد مدنی اور قاری شہزاد نے نعت و منقبت پیش کر کے حاضرین کو روحانی کیفیت سے سرشار کیا۔تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور عالمِ اسلام میں امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





