



5 کارروائیوں میں 3 ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 75.57 کلوگرام منشیات برآمد
اسلام آباد (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، کارروائیوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 75.57 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 126 گرام وزنی کوکین سے بھرے 17 کیپسول برآمد ہوئے، جناح ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 627 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ مسافر کی نشاندہی پر ایک اور ملزم سے 200 گرام آئس بھی برآمد کر لی گئی، دالبندین ضلع چاغی میں گاڑی سے 75 کلوگرام افیون برآمد ہوئی، کوئٹہ کے اسپینی روڈ پر واقع کوریئر دفتر میں پارسل کی تلاشی کے دوران کاسمیٹکس میں چھپائی گئی ایک کلو 400 گرام چرس برآمد کر لی گئی جبکہ یونیورسٹی روڈ پشاور کے کوریئر دفتر میں سب مرسیبل واٹر پمپ کے اندر سے 35 گرام افیون اور 180 گرام وزنی 260 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





