ملٹی گارڈن بی17 میں بڑی چوری، 80 لاکھ روپے کے زیورات اور قیمتی سامان لے اُڑے
اسلام آباد
اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع ہائی پروفائل رہائشی سوسائٹی ملٹی گارڈن بی-17 میں چوری کی بڑی واردات کے دوران نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرکے فرار ہو گئے، جس کے بعد سوسائٹی کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یونین کونسل کے چیئرمین حمزہ کے گھر، واقع اے بلاک اسٹریٹ نمبر 28، گزشتہ شب نامعلوم چور داخل ہوئے اور تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کے زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو گئے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق ملٹی گارڈن بی-17 میں جدید سیکیورٹی نظام اور متعدد سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے کے باوجود اتنی بڑی واردات تشویش کا باعث ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن سنگجانی کی حدود میں چوری اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ناکہ بندیوں اور سیکیورٹی اقدامات کے باوجود شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
رہائشیوں نے سوسائٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مرکزی و داخلی راستوں کی نگرانی سخت کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ ملٹی گارڈن بی-17 میں پولیس کی موجودگی اور جدید سیکیورٹی انتظامات کے باوجود اس نوعیت کی واردات کو چوروں کی انتہائی دلیرانہ کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔





