گلبرگ گرینز میں ایکسائز و انتظامیہ کا مشترکہ کریک ڈاؤن، 52 گاڑیوں کے چالان، متعدد تھانے منتقل

اسلام آباد

اسسٹنٹ کمشنر نیلور کی زیر نگرانی محکمہ ایکسائز کے ہمراہ گلبرگ گرینز میں خصوصی ناکہ بندی کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران کالے شیشوں اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 52 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر متعدد گاڑیوں کو تھانے منتقل کر دیا گیا، جبکہ دوران چیکنگ 3 مشکوک ٹیمپرڈ اور 2 غیر رجسٹرڈ گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں محکمہ ایکسائز کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے استعمال کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عرفان میمن نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی آن لائن سہولیات متعارف کروائی جا چکی ہیں اور عوام کو اس حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو بھی مزید آسان بنایا گیا ہے تاکہ شہری باآسانی قانونی تقاضے پورے کر سکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے تمام قانونی دستاویزات مکمل رکھیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی کارروائی سے بچا جا سکے۔