سینیٹ سیکریٹریٹ نے 1.436 ارب روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیے

اسلام آباد(اظہار خان نیازی)

چیئرمین سینیٹ نے ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ سینیٹ سیکریٹریٹ نے کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی کے جامع پروگرام کے تحت 1.436 ارب روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیے ہیں، جو سینیٹ کے مجموعی بجٹ کا تقریباً 15.9 فیصد بنتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کے مطابق یہ بچت مالیاتی ڈویژن کی جانب سے مقررہ ہدف سے تقریباً 500 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ضروری اخراجات کی معطلی، آپریشنل اخراجات میں کمی، سرکاری ٹرانسپورٹ اور بیرونِ ملک دوروں پر پابندیوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ذریعے یہ بچت ممکن بنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6 کروڑ روپے مختص ہونے کے باوجود ایک بھی گاڑی نہیں خریدی گئی۔ مزید برآں، سینیٹ فنانس کمیٹی نے آئندہ مالی سال میں ناکارہ قرار دی گئی گاڑیوں کی تبدیلی کے لیے مختص رقم بھی ترک کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس سے مزید تقریباً 14 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ حقیقی اور عملی بچت ہے جو شفافیت، جوابدہی اور عوامی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں پارلیمان کا مثال قائم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے اس کامیابی میں تعاون پر سینیٹ کے معزز اراکین اور سینیٹ فنانس کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام قومی مفاد کو ادارہ جاتی سہولتوں پر ترجیح دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔