


اسلام آباد (اظہار خان نیازی)
ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل میتن توکیل نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد، عوامی سطح پر مضبوط روابط اور قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ترک لینڈ فورسز کے سربراہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
جنرل میتن توکیل نے پاکستان-ترکیہ اعلیٰ سطحی عسکری مذاکراتی گروپ کو دفاع، عسکری امور اور دفاعی صنعت میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مشکل اوقات میں ترکیہ کی قیادت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل اور مخلصانہ حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت اور استحکام دیا جائے گا تاکہ دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ سکیں۔





