پشاور(خالد خان)



وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کرکے پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی بہادری، فرض شناسی اور بلند حوصلے کو سراہا۔
وزیر داخلہ فرداً فرداً زخمی اہلکاروں کے پاس گئے، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے بارے میں ڈاکٹروں سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے زخمی اہلکاروں کے جذبے اور جرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جوانمردی سے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ’’آپ قوم کے ہیرو ہیں، ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔ آپ جیسے بہادر سپوتوں کی موجودگی میں دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔‘‘
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے سکیورٹی اہلکار پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
دورے کے موقع پر شہاب علی شاہ اور نذیر احمد گاڑا بھی موجود تھے۔





