اٹک (سٹاف رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت محرم الحرام اور یوم عاشور کے موقع پر ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور ملحقہ علاقوں میں خصوصی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی اٹک انیل سعید کی ہدایت پر صفائی عملہ، مشینری اور فیلڈ سپروائزری ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ عزاداران کو صاف ستھرا اور بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس خصوصی صفائی مہم کے تحت اٹک شہر، سمیت تمام 6 تحصیلوں فتح جنگ پنڈی گھیب جنڈ حضرو حسن ابدال کی تحصیلوں میں امام بارگاہوں، مرکزی و ذیلی جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات، داخلی و خارجی راستوں اور عوامی مقامات کی صفائی، دھلائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور نالوں و ڈرینوں کی صفائی کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے راستوں پر اضافی ویسٹ کنٹینرز، ویسٹ بیگز اور صفائی عملہ تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کا کچرا فوری طور پر ٹھکانے لگایا جا سکے۔ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ مانیٹرنگ کر رہی ہیں جبکہ صفائی آپریشن کی نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول میکنزم بھی قائم کیا گیا ہے۔ تمام تحصیلوں میں جلوسوں کے روٹس کی واشنگ، جھاڑو اور صفائی کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی افرادی قوت بھی تعینات کی گئی ہے۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی اٹک انیل سعید نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں خصوصی صفائی پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور جلوسوں و مجالس کے انعقاد سے قبل، دوران اور بعد میں صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہ کر فرائض انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران صفائی برقرار رکھنے میں اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ہی تلف کریں تاکہ محرم کے دوران بہترین صفائی کا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی اٹک محرم الحرام اور یوم عاشور کے دوران صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گی اور عزاداران کو بہترین شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔





