گودام چوری کیس میں اہم پیش رفت، 102 امپورٹڈ الیکٹرک گیزرز برآمد

راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)تھانہ سٹی پولیس نے گودام میں چوری کی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے پانچ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 102 امپورٹڈ الیکٹرک گیزرز برآمد کر لیے۔پولیس کے مطابق گودام میں چوری کی واردات کے بعد تفتیش کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران جدید تکنیکی ذرائع اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔دورانِ تفتیش ملزم کے قبضے سے چوری شدہ 102 امپورٹڈ الیکٹرک گیزرز برآمد ہوئے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے چوری شدہ گیزرز گودام سے نکال کر مختلف مارکیٹوں میں فروخت کر دیے تھے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ سامان خریدنے والے دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا، جن کی نشاندہی پر گیزرز برآمد کیے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ایس پی راول سعد ارشد نے کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔