اسلام آباد(سٹی رپورٹر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل، سیاحت، زراعت، معدنیات، ہائیڈرو پاور اور تیل و گیس کے وسیع ذخائر سے مالا مال صوبہ ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے سرحدی راستوں اور تجارتی راہداریوں کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تجارت کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک بہتر رسائی ملنی چاہیے تاکہ کاروباری، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جو ان کی اسلام آباد میں واقع رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کے لیے پہنچا۔ وفد میں چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق، سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری، صدر تلہ گنگ چیمبر آف کامرس ملک شبیر اعوان، ایگزیکٹو ممبر آئی سی سی آئی شمائلہ صدیقی، صدر اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس ثمینہ فاضل، گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز شاہد غفور پراچہ ،امتیاز عباسی سابق ایگزیکٹو ممبر آئی سی سی آئی اور دیگر شامل تھے،گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے جلد ایک بین الاقوامی ٹورازم سمٹ منعقد کی جائے گی جس کے انعقاد کے حوالے سے احسن ظفر بختاوری اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ ٹورازم سمٹ نتھیا گلی اور گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا، سیاحت کے شعبے کو نئی جہت ملے گی اور سرمایہ کاری و مقامی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے،گورنر نے خواتین کی معاشی خودمختاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہینڈی کرافٹس اور گھریلو صنعتوں سے وابستہ خواتین کو ان کے ہنر کے مطابق مناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے کاروباری اور صنعتی حلقے ان ہنرمند خواتین کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات کی سفارتی حلقوں اور اعلیٰ سطحی اداروں تک رسائی خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی مؤثر تشہیر اور فروخت میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے،طارق صادق نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری، سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں غیر معمولی امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے نجی شعبے اور حکومت کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری صوبے کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بین الصوبائی اور بین الاقوامی تجارتی روابط کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی اور تجارتی راہداریوں کی بحالی نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک کی معیشت کے لیے سودمند ثابت ہوگی،احسن ظفر بختاوری نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے بین الاقوامی ٹورازم سمٹ کے انعقاد کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات عالمی سطح پر بھرپور توجہ کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری سیاحت، سرمایہ کاری اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ احسن بختاوری نے کہا کہ ہنرمند خواتین کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے چیمبرز آف کامرس، کاروباری ادارے اور سفارتی مشنز مشترکہ حکمت عملی اختیار کر سکتے ہیں، ملک شبیر اعوان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے جبکہ شمائلہ صدیقی اور ثمینہ فاضل نے خواتین کاروباری شخصیات اور دستکار خواتین کے لیے بہتر مارکیٹنگ اور برآمدی مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا





