اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں عوامی مقبولیت اور سیاسی اثر و رسوخ کے اعتبار سے نمایاں مقام رکھنے والے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان نے انتخابی سیاست میں ایک بڑا اور غیر معمولی سیاسی قدم اٹھاتے ہوئے بیک وقت چار اہم حلقوں سے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس خان نے حلقہ وسطی باغ، حلقہ نمبر 5 پونچھ، حلقہ اپر نیلم اور راولاکوٹ سٹی سمیت چار نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں جس کے بعد آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں نئی سرگرمی، غیر معمولی جوش و خروش اور سیاسی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے مقبول ترین عوامی رہنماؤں میں شمار ہونے والے سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے بیک وقت چار حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے جو مختلف علاقوں میں ان کی مضبوط عوامی حمایت اور سیاسی اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے نے انتخابی منظرنامے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی حکمت عملیوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ دوسری جانب سردار تنویر الیاس خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد مختلف حلقوں میں کارکنان اور عوام کی جانب سے بھرپور، مثبت اور حوصلہ افزا ردعمل سامنے آ رہا ہے جبکہ متعدد مقامات پر کارکنان نے اس اقدام کو عوامی خواہشات کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے نیک شگون قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان کی متحرک قیادت، عوامی رابطہ مہم، عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی کاوشوں اور عوام دوست سیاسی کردار نے انہیں آزاد کشمیر کی سیاست کا ایک مؤثر اور مقبول رہنما بنا دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں پارٹی انتخابی میدان میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم انداز میں سامنے آئے گی اور عوام کے بے پناہ اعتماد، کارکنان کی شبانہ روز محنت اور بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے ان حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی مزید مستحکم اور مؤثر سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔





