فتح جنگ ( وسیم علی)پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) فرانس کے سرپرست سردار ظہور اقبال نے ایران اور امریکہ کے درمیان کامیاب مذاکرات کو خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی احترام کی پالیسی کو فروغ دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر ذمہ دارانہ اور مثبت سفارتی کردار ادا کیا ہے، جسے بین الاقوامی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی کامیابی نہ صرف خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا سبب بنے گی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی مثبت نتائج مرتب کرے گی۔
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ پاکستان کی امن دوست پالیسی اور تعمیری سفارت کاری کے باعث ملک کا وقار عالمی سطح پر مزید مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ پیش رفت سے خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی قیادت قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی امن کے فروغ کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے تصادم کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے کو اپنایا جائے تاکہ دنیا کو ایک محفوظ اور پُرامن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔





