بجٹ میں آٹو سیکٹر پر نئے ٹیکسز سے کاروبارشدید متاثر ہوگا:عجب خان

لگژری گاڑیوں پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے مارکیٹ متاثر ہونے کا خدشہ،نظرثانی کی جائے

اسلام آباد (سٹی رپورٹر)
صدر جی ایٹ مرکز و اسلام آباد کار ڈیلرز ایسوسی ایشن عجب خان نے وفاقی بجٹ میں آٹو موبائل سیکٹر پر عائد کیے گئے نئے ٹیکسز اور ڈیوٹیز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں خرید و فروخت کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بڑی انجن صلاحیت اور لگژری درآمدی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور دیگر محصولات میں اضافہ کیا ہے جس سے آٹو موبائل سیکٹر پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا اگرچہ مقامی طور پر تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے بعض ٹیکس مراعات برقرار رکھی گئی ہیں تاہم مجموعی طور پر نئے ٹیکسز سے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ صدر کار ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹو سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرتے ہوئے ٹیکس پالیسی پر نظرثانی کی جائے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو،سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور آٹو موبائل انڈسٹری پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہو سکے۔