راولپنڈی میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف دوبارہ سخت کریک ڈاؤن

راولپنڈی میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف دوبارہ سخت کریک ڈاؤن،زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)راولپنڈی ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف ایک بار پھر سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے شہر بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایت پر مال روڈ، پشاور روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ اس مہم کا مقصد شہریوں سے جرمانے وصول کرنا یا ریونیو بڑھانا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک حادثات میں جاں بحق یا زخمی ہونے والوں میں تقریباً 73 فیصد موٹرسائیکل سوار شامل ہوتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثات کے دوران سر پر لگنے والی شدید چوٹیں اموات کی سب سے بڑی وجہ بنتی ہیں،جبکہ ہیلمٹ کے استعمال سے ایسے خطرات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کی سابقہ مہم کے نتیجے میں ہیڈ ٹراما کے واقعات میں تقریباً 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،تاہم اس شرح کو مزید بہتر بنانے کے لیے سخت انفورسمنٹ جاری رکھی جائے گی۔فرحان اسلم نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ سرکاری و نجی ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز پر بھی دباؤ کم ہوگا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ چالان کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور لین لائن ڈسپلن کی پابندی کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔سی ٹی او نے واضح کیا کہ ہیلمٹ کا استعمال اور ٹریفک قوانین کی پابندی محفوظ سفر کی ضمانت ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔