متبادل توانائی خصوصاً سولر انرجی کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
چیئرمین پاکستان آلٹرنیٹو انرجی ایسوسی ایشن آصف جاوید نے کہا ہے کہ سولرائزیشن نہ صرف ماحول دوست بلکہ پاکستان کے توانائی کے مستقبل کی ضمانت ہے، متبادل توانائی کے شعبے کی ترقی،سولر انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے حل سے گرین انرجی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔پاکستان میں توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران،درآمدی ایندھن پر انحصار اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں متبادل توانائی خصوصاً سولر انرجی کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔حکومت نے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کیلئے متعدد مثبت اقدامات کیے ہیں تاہم سولر سیکٹر کو درپیش عملی مشکلات پالیسی میں تسلسل ٹیکسوں، درآمدی آلات کی دستیابی اور نیٹ میٹرنگ سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری آئے۔انہوں نے کہا کہ سولر انڈسٹری کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کے بروقت حل سے نہ صرف گرین انرجی کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی معیشت،صنعت اور عوام کو بھی سستی اور پائیدار بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔





