کتاب بہترین ساتھی ہے، مطالعہ شعور اور مثبت سوچ پیدا کرتا ہے”، عاصمہ اسماعیل بٹ

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

کتاب بہترین ساتھی ہے، مطالعہ شعور اور مثبت سوچ پیدا کرتا ہے”، عاصمہ اسماعیل بٹ

معروف ادیب اللہ دتہ نجمی کی نئی تصنیف "خوش بیانیاں” منظرِ عام پر آ گئی، جس میں مصنف نے اپنی زندگی کے تجربات، راولپنڈی کی یادگار یادوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو منفرد انداز میں قلم بند کیا ہے۔ کتاب میں معروف مصنفہ و ہدایت کارہ عاصمہ اسماعیل بٹ کی ادبی و فنی خدمات کو بھی نمایاں طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جبکہ اس دور کے حالات و واقعات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جب اسٹیج ڈرامہ اپنے عروج پر تھا۔

اس موقع پر عاصمہ اسماعیل بٹ نے کہا کہ "کتاب انسان کی بہترین ساتھی ہوتی ہے۔ اللہ دتہ نجمی کی تصنیف ‘خوش بیانیاں’ یادوں، مشاہدات اور خوبصورت اسلوبِ تحریر کا دلکش مجموعہ ہے، جسے ہر صاحبِ ذوق کو ضرور پڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ اللہ دتہ نجمی کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ماضی کی یادگار یادوں کو خوبصورت انداز میں محفوظ کیا۔ ان کے مطابق آج بھی اچھا لکھنے اور پڑھنے والے افراد موجود ہیں، تاہم کتاب بینی کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے، جو باعثِ تشویش ہے۔عاصمہ اسماعیل بٹ نے کہا کہ اخبارات اور کتابوں کا مطالعہ انسان میں شعور، فکری وسعت اور مثبت سوچ پیدا کرتا ہے، مگر جدید ٹیکنالوجی، موبائل فون اور انٹرنیٹ نے نوجوان نسل کو کتابوں سے دور کر دیا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفر کے دوران جب کسی شخص کو کتاب پڑھتے دیکھتی ہیں تو خوشی ہوتی ہے، لیکن بیشتر نوجوانوں کو موبائل اور انٹرنیٹ میں مصروف دیکھ کر تشویش محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ مطالعہ علم میں اضافہ کرتا ہے اور انسان کو زندگی بھر علم و ہنر حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔