اٹک (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع اٹک میں بھی چائلڈ لیبر اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس بھرپور اقدامات کر رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ضلعی ویجیلنس کمیٹی (ڈی وی سی ) کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر اینڈ ہیومن ریسورس، عدنان سلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر پانچ اداروں کے مالکان کے خلاف پانچ مقدمات (ایف آئی آر) درج کروائے گئے، انہوں نے مزید بتایا کہ ورکرز کی صحت، حفاظت (ہیلتھ اینڈ سیفٹی ) اور دیگر لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ انسپکشنز جاری ہیں،اجلاس میں ورکرز کی ہیلتھ اینڈ سیفٹی سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد، صنعتی و تجارتی اداروں میں حادثات کی روک تھام کے لیے بروقت اقدامات، سوشل سکیورٹی کی رجسٹریشن اور دیگر لیبر امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر اینڈ ہیومن ریسورس کو ہدایت کی کہ چائلڈ لیبر، بانڈڈ لیبر اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہ کی جائے،انہوں نے زور دیا کہ مزدوروں کی صحت، تحفظ اور فلاح کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد و اداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے نمائندے، وائس چیئرمین پاکستان ورکرز فیڈریشن منیر حسین بٹ، نمائندہ سوشل سکیورٹی، صدر بھٹہ خشت یونین چوہدری غضنفر علی، ایچ آر منیجر ٹیکسلا کاٹن ملز محمد عظیم ہاشمی سمیت دیگر متعلقہ افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔





