ایرانی اسپیکر کی سردار ایاز صادق کو تہران میں تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت

محمد باقر قالیباف کا پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو 3 جولائی 2026 کو تہران میں منعقد ہونے والی ایک سرکاری تعزیتی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی۔
جاری بیان کے مطابق دعوت نامے میں محمد باقر قالیباف نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریب کا ذکر کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس موقع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پاکستان کی پارلیمان اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور تاریخی رفاقت پر استوار ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ہمسایہ برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور تاریخی دوستی آئندہ بھی مزید فروغ پائے گی، جبکہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی خدمات اور جدوجہد کو آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔