ٹیکسلا میں رشتہ خون کا پیاسا بن گیا، چچا زاد بھائیوں میں فائرنگ، دو افراد زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

آلاں والے قبرستان کے قریب اندھا دھند فائرنگ، سر میں گولی لگنے والے زخمی کو راولپنڈی منتقل، ملزمان فرار، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

ٹیکسلا(شاہ رخ خان/تحصیل رپورٹر) آلاں والے قبرستان کے قریب چچا زاد بھائیوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی کے سر میں گولی لگنے کے باعث اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا، جبکہ دوسرے زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے اور زخمی ہونے والے آپس میں چچا زاد بھائی ہیں۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔