چینی وفد کا نیوٹیک کا دورہ، تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی اور نیوٹیک کے درمیان بائیومیڈیکل انجینئرنگ، تحقیق اور ٹیکنالوجی میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) عوامی جمہوریہ چین کی ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے سکول آف بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے فیکلٹی اراکین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) کا دورہ کیا، جہاں دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت سکول آف بائیومیڈیکل انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ، ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ژاؤوی ژانگ نے کی۔ وفد میں ڈاکٹر ٹینگ یون، ڈاکٹر زرین زہرہ، ڈاکٹر واجد حسین، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل، ممبر سائنس ڈاکٹر مرزا حبیب علی، پرنسپل سائنٹیفک آفیسر محترمہ زیبا فاروق اور ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ عبدالرحمٰن بھی شامل تھے۔
دورے کے دوران وفد کو نیوٹیک کے تعلیمی پروگراموں، جدید تحقیقاتی سہولیات، ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبوں اور صنعتی روابط سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بائیومیڈیکل انجینئرنگ، مشترکہ تحقیق، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ منصوبوں اور جدید سائنسی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی غور کیا گیا۔
وفد نے نیوٹیک کی جدید تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دونوں اداروں کے درمیان مستقبل میں مضبوط شراکت داری، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور علمی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔