کلرسیداں پولیس کا قمار بازی کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈولی دانہ کے ذریعے جوا کھیلنے والے 5 افراد گرفتار

49 ہزار روپے، 5 موبائل فون، ڈولی دانے اور دیگر سامان برآمد، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

راولپنڈی(صنوبر کیانی)تھانہ کلرسیداں پولیس نے قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈولی دانہ کے ذریعے جوا کھیلنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے داؤ پر لگی 49 ہزار روپے کی رقم، پانچ موبائل فون، ڈولی دانے اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق کلرسیداں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ پولیس نے برآمد ہونے والی رقم اور دیگر سامان قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قمار بازی معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔