رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ کا سنتِ نبوی ﷺ، نماز، حسنِ اخلاق اور دینی ماحول سے وابستہ رہنے پر زور، بہرے شرکاء کے لیے اشاروں کی زبان میں ترجمانی کا خصوصی اہتمام
گوجرخان (صنوبر کیانی) دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام روز محل مارکی، گوجرخان میں عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ اجتماع سے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی وقار المدینہ نے خطاب کرتے ہوئے نیک اعمال، سنتِ نبوی ﷺ پر عمل، نماز کی پابندی، حسنِ اخلاق اور دینی ماحول سے وابستہ رہنے کی اہمیت پر تفصیلی بیان کیا۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو شریعتِ مطہرہ کے مطابق ڈھالیں، عبادات کی پابندی اختیار کریں اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہو کر دینِ اسلام کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
اجتماع کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ اسپیشل پرسنز کی دینی رہنمائی کے لیے بیان کی اشاروں کی زبان میں بیک وقت ترجمانی کا خصوصی انتظام کیا گیا، جس سے بہرے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔ اجتماع میں گونگے، بہرے، نابینا اور جسمانی معذوری کے حامل افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے دعوتِ اسلامی کی اس منفرد دینی کاوش کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اجتماعات اور دیگر دینی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے شرکت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔





