تھانہ مندرہ میں سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

درخواستوں پر فوری مقدمات درج کرنے کی ہدایت، شفاف انصاف اور شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیح قرار

راولپنڈی(صنوبر کیانی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی ڈی آئی جی حسن مشتاق سکھیرا نے تھانہ مندرہ کے علاقے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر، متعلقہ ایس ڈی پی او، ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل اور شکایات خود سنیں اور ان کے فوری، شفاف اور میرٹ پر حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے شہریوں کی درخواستوں پر بلا تاخیر مقدمات درج کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر سی پی او نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے، انصاف کی فراہمی میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ہر پولیس افسر شہریوں کے ساتھ عزت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آنے کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، مسائل کا فوری حل اور بہترین پولیسنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔