اسلام آباد پولیس کے لیے 80 جدید الیکٹرک گاڑیاں پہنچ گئیں، جلد فورس کے حوالے کیے جانے کا امکان

پولیس کی استعداد کار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت، ذرائع

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) اسلام آباد پولیس کو جدید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کے فیصلے کے تحت 80 جدید الیکٹرک گاڑیاں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں، جنہیں جلد پولیس کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی الیکٹرک گاڑیوں کی شمولیت سے اسلام آباد پولیس کی گشت، ہنگامی رسپانس اور مجموعی آپریشنل استعداد کار میں بہتری آئے گی، جبکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ضروری انتظامات اور رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد الیکٹرک گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے مختلف یونٹس کے حوالے کر دی جائیں گی تاکہ انہیں باقاعدہ آپریشنل استعمال میں لایا جا سکے۔

حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ الیکٹرک گاڑیاں پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں گی۔