بینکنگ فراڈ کیس میں سات سال سے مفرور اشتہاری ملزم گرفتار

50 لاکھ روپے کے فراڈ میں مطلوب ملزم ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی میں گرفتار، عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی تھی

اسلام آباد (اسپیشل رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے 50 لاکھ روپے کے بینکنگ فراڈ کیس میں مطلوب سات سال سے مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو متعلقہ عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی تھی جبکہ بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے اس کی قبل از گرفتاری ضمانت بھی خارج کر دی تھی۔ ملزم کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے گئے، جن میں اس کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی ضبطگی بھی شامل تھی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور مالیاتی جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔