جونیئر جناح ٹرسٹ اور ایجوکیشنل لیڈرشپ مینجمنٹ سسٹم کے اشتراک سے بہارہ کہو میں نئے تعلیمی کیمپس کا افتتاح

تعلیم سے محروم بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے مشن میں اہم پیش رفت، سماجی شخصیات اور ماہرین تعلیم کی تقریب میں شرکت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) جونیئر جناح ٹرسٹ نے تعلیم سے محروم بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایجوکیشنل لیڈرشپ مینجمنٹ سسٹم (ای ایل ایم ایس) کے تعاون سے محلہ سیداں، کیانی روڈ، بہارہ کہو میں نئے تعلیمی کیمپس کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں معزز سماجی شخصیات، ماہرین تعلیم، فلاحی شعبے کے نمائندگان اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ربن کاٹ کر کیمپس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر فروغِ تعلیم، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور منصوبے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تقریب میں ایئر کموڈور (ر) سید رمیز گیلانی، سابق چیئرمین یونین کونسل نمبر 4 سید اعجاز عباس گیلانی، ایجوکیشنل لیڈرشپ مینجمنٹ سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید امتیاز علی رضوی، زونل صدر پی ایس این محمد اعظم خان، جونیئر جناح ٹرسٹ کے ڈائریکٹر کارپوریٹ ڈویلپمنٹ محمد الخیام نذیر، سابق زونل صدر پاسما صادق سڈل اور منیجر فنڈ ریزنگ شہزاد سلیم عباسی سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور معاشی و سماجی مسائل کے باعث تعلیم سے محروم رہ جانے والے بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جونیئر جناح ٹرسٹ اور ای ایل ایم ایس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا کیمپس بہارہ کہو اور گردونواح کے بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا۔
جونیئر جناح ٹرسٹ کے نمائندگان نے بتایا کہ ادارہ ملک بھر میں اپنے مختلف تعلیمی منصوبوں کے ذریعے ہزاروں مستحق اور تعلیم سے محروم بچوں کو مفت تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہارہ کہو میں نئے کیمپس کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد ہر بچے کو مالی حالات سے قطع نظر معیاری تعلیم تک رسائی دینا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے نئے تعلیمی کیمپس کا دورہ کیا، دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ علاقے میں تعلیمی شعور کے فروغ اور مستحق بچوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جونیئر جناح ٹرسٹ اور ای ایل ایم ایس نے آئندہ بھی مشترکہ طور پر پسماندہ بچوں کو تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے اور علم و آگہی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔