بدین/ ٹھٹھہ (نامہ نگار )
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی ایاز شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی اور بین الاقوامی حالات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف، سیاسی بصیرت اور سفارتی حکمتِ عملی پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ شیرازی ہاؤس، ٹھٹھہ مکلی میں بدین پریس کلب کے صدر شوکت میمن اور سینئر نائب صدر حيدرآباد یونین آف جرنلسٹس تنویر احمد آرائیں کی قیادت میں ملاقات کرنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایاز شاہ شیرازی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بھارتی آبی پالیسی و جارحیت ، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور جنگ سے پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال، پاکستان کو درپیش سفارتی و معاشی چیلنجز، مسلہ کشمیر، بلوچستان کی صورتحال اور عوام کے مسائل اور سندھ میں پانی کی قلت جیسے اہم قومی معاملات پر واضح، متوازن اور جمہوری موقف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر روابط، قومی یکجہتی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی عوامی سیاست، مدبرانہ قیادت اور سیاسی حکمتِ عملی کے باعث پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی عوام کی بھرپور پذیرائی پارٹی کی کامیابی کی نوید ثابت ہو رہی ہے۔ ایاز شاہ شیرازی نے کہا کہ شیرازی خاندان کا ٹھٹھہ، سجاول اور ملحقہ علاقوں کے عوام سے صرف سیاسی نہیں بلکہ نسلوں پر محیط سماجی، خاندانی اور جذباتی تعلق ہے۔ عوام نے ہمیشہ ہم پر اعتماد کیا اور ہم نے بھی ہر دور میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے مسائل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہ تینوں اضلاع نہری ٹیل اور ساحلی علاقوں پر مشتمل ہیں، جہاں نہری پانی کی مسلسل قلت زرعی پیداوار، ماہی گیری اور مقامی معیشت کو شدید متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی کمی کے باعث انڈس ڈیلٹا تیزی سے تباہی کا شکار ہے، جبکہ سمندری پانی کی دراندازی، ماحولیاتی آلودگی اور آبی وسائل کی خرابی نے لاکھوں افراد کے روزگار اور کاروبار کو متاثر کیا ہے۔
رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور تھرپارکر میں مضرِ صحت سفینہ، گٹکا، ماوا اور دیگر منشیات کی فروخت میں اضافہ ایک سنگین سماجی مسلہ بن چکا ہے، جو نوجوان نسل کی صحت کے ساتھ ساتھ کینسر سمیت مختلف جان لیوا بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر، بلاامتیاز اور تیز کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں ایاز شاہ شیرازی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی ملاقات ایک رکنِ قومی اسمبلی کی حیثیت سے ہوئی، جس میں حلقے کے ترقیاتی منصوبوں، وفاقی اداروں سے متعلق عوامی مسائل اور علاقائی ترقی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے گورنر سندھ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ان سے ذاتی مراسم اور دیرینہ تعلقات ہیں، ان کی آمد محض دوستانہ ملاقات تھی، لہٰذا اسے سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔ اس موقع پر بدین پریس کلب کے نائب صدر عمران عباس خواجہ، سینئر صحافی عبدالحمید سومرو، دودو پھنور، اشرف عبداللہ میمن، عطا محمد چانڈیو، سارنگ جونیجو، اشفاق میمن، شفیع محمد میمن ، نور حسن سولنگی ، ملک دانش ، حسین سومرو ، میر شکیل ، فرحان میمن ، صمد کھوسو ، عطا سنڌ یار ، اسحاق شیخ ، فیضان میمن ، باغ جونیجو ، رجب راہموں ، بشیر شیخ ، اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔
فوٹو کیپشن .
رکن قومی ایاز شاہ شیرازی بدین پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کے علاوہ گروپ فوٹو





