تجارت، سکیورٹی، غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائمز کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال، ایم او یو پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سکیورٹی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی تربیت اور ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی اور باہمی روابط کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مجوزہ معاہدہ اس ضمن میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک جامع فریم ورک مرتب کیا جانا چاہیے۔
ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔





