سال 2026 کے پہلے 6 ماہ میں اسلام آباد میں مجموعی جرائم میں 61 فیصد جبکہ سنگین جرائم میں 39.3 فیصد کمی ریکارڈ۔

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)سال 2026 کے پہلے 6 ماہ میں اسلام آباد میں مجموعی جرائم میں 61 فیصد جبکہ سنگین جرائم میں 39.3 فیصد کمی ریکارڈ۔اسلام آباد پولیس کی مؤثر کارکردگی سے وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح نمایاں طور پر کم ہوگئی۔جدید پولیسنگ، سیف سٹی نگرانی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں نے اہم کردار ادا کیا۔شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سال 2026 کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سال 2025 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران مجموعی جرائم میں 61 فیصد جبکہ سنگین جرائم میں 39 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق جرائم میں اس نمایاں کمی کا سہرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، مسلسل اور مؤثر پولیسنگ، اور سیف سٹی کے جدید نگرانی کے نظام کو جاتا ہے، جو اب وفاقی دارالحکومت کے تقریباً تمام علاقوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ان اعداد و شمار کا جائزہ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا، جس میں دیگر سینئر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، انسدادِ جرائم کے اقدامات، تفتیشی کارکردگی، سیف سٹی نگرانی کے نظام، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ، ایمرجنسی رسپانس، منظم جرائم پیشہ گروہوں، اشتہاری و عادی مجرمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جرائم میں اس نمایاں کمی کو ”پریوینٹ، پیٹرول، پرسیو "پر مبنی مؤثر پولیسنگ حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پریوینٹو پولیسنگ، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، شہر بھر میں مؤثر گشت اور سیف سٹی کے جدید نگرانی کے نظام نے جرائم کی بروقت نشاندہی اور ملزمان کی فوری گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی انوسٹی گیشن ونگ نے بھی میرٹ، جدید سائنسی شواہد اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر ملزمان کو ٹریس کرنے اور اہم مقدمات کو کامیابی سے حل کرنے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم میں یہ نمایاں کمی اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت، لگن اور فرض شناسی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس پریوینٹو پولیسنگ کو مزید مؤثر بنائے گی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو وسعت دے گی اورسیف سٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بڑے مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جاتی ہے اور مضبوط، ٹھوس شواہد پر مبنی چالان عدالتوں میں پیش کیے جاتے ہیں تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جاسکے۔آئی جی اسلام آباد نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بلاامتیاز عملداری، بروقت انصاف کی فراہمی اور اسلام آباد کو پاکستان کے محفوظ ترین شہروں میں شامل رکھنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔