اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 42.7 کلوگرام منشیات برآمد

چار کارروائیوں میں خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار، 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی آئس، ایکسٹیسی گولیاں اور چرس ضبط

راولپنڈی(آصف ملک)انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 42.7 کلوگرام منشیات برآمد کر لی، جن کی مالیت 82 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران بیگ سے 5.6 کلوگرام وزنی 42 ہزار ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
ایک اور کارروائی میں جی ٹی روڈ دینہ، ضلع جہلم کے قریب چھ کارٹن رولز میں مہارت سے جذب کی گئی 19.1 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
فیصل آباد کے قریب ایک گھر پر کارروائی کے دوران 12 کلوگرام چرس کے علاوہ دو پستول، چار میگزین اور 33 گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر حیات آباد، پشاور کے قریب موٹر سائیکل سے 6 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔