اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا کیپیٹل پولیس کالج کا دورہ۔آئی جی اسلام آباد نے سینئر افسران کے ساتھ اجلاس میں جاری تربیتی کورسز اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ایف آئی اے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور تربیتی معیار کا بھی معائنہ کیا۔آئی جی اسلام آباد کا تمام افسران کو جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس بیسڈ انویسٹی گیشن اور ڈیجیٹل فرانزک پر خصوصی توجہ دینے اور تربیتی معیار کو مزید بہتر بنانے، سکیورٹی کو مؤثر رکھنے اور کورسز بروقت مکمل کرنے کے احکامات۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کیپیٹل پولیس کالج اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی اور کالج میں جاری تربیتی سرگرمیوں، سکیورٹی انتظامات اور پیشہ ورانہ تربیت کے مجموعی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر، ایس ایس پی لاء اینڈ آرڈر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں، ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان، ڈائریکٹر ٹریننگ سی ٹی ڈی میجر اعجاز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے زیرِ تربیت افسران کو دی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت، تربیتی نصاب، جدید تدریسی طریقہ کار، عملی مشقوں، انٹیلی جنس بیسڈ انویسٹی گیشن، ڈیجیٹل فرانزک اور سائنسی تفتیشی مہارتوں سے متعلق بریفنگ لی۔ انہوں نے تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور زیرِ تربیت افسران سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ استعداد، تربیتی معیار اور سیکھنے کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ہدایت کی کہ کیپیٹل پولیس کالج میں جاری تمام تربیتی کورسز کو مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے، تربیتی نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھا جائے، جبکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ تربیتی سرگرمیاں بہترین ماحول میں جاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق، ڈیجیٹل فرانزک، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ، انسانی حقوق اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو تربیتی پروگرامز کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ افسران ہر قسم کے سکیورٹی اور تفتیشی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کیپیٹل پولیس کالج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید پولیسنگ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون، تجربات کے تبادلے اور معیاری تربیت کے ذریعے قومی سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس جدید، پیشہ ور، مؤثر اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اعلیٰ معیار کی تربیت اور استعدادِ کار میں اضافے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔





