طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور عملی تربیت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رافعہ ممتاز
جدید سہولتوں سے آراستہ لیبارٹریز طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار لائیں گی، اساتذہ و طلبہ کا خراجِ تحسین
مری (راجہ عثمان علی)کوہسار یونیورسٹی مری کی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر رافعہ ممتاز (پرائیڈ آف پرفارمنس) کے تعلیمی وژن کے تحت یونیورسٹی میں تعلیمی و تکنیکی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ایک اور اہم اقدام سامنے آیا ہے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں تین جدید ترین کمپیوٹر لیبارٹریز اور فائنل ایئر کے ڈیزائن پروجیکٹ (FYDP) کے لیے ایک مخصوص لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رافعہ ممتاز کا کہنا تھا کہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولتوں کی فراہمی اور عملی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اپنے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ نئی کمپیوٹر لیبارٹریز طلبہ کی تحقیقی، تخلیقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رافعہ ممتاز کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں FYDP لیب کے قیام کا مقصد آخری سال کے طلبہ کو جدید تحقیق اور مارکیٹ کی صنعت (انڈسٹری) سے ہم آہنگ منصوبوں پر کام کرنے کے لیے ایک معیاری اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے اس اہم اقدام کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رافعہ ممتاز کے تعلیمی وژن کا عملی مظہر قرار دیا اور ان کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان لیبارٹریز کا قیام یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم، جدید تحقیق، اختراع (اننوویشن) اور معیاری فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جو طلبہ کے مستقبل کو روشن بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔





