امریکی کانگریس (ایوانِ نمائندگان) کے منتخب اراکین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) امریکی کانگریس (ایوانِ نمائندگان) کے منتخب اراکین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی حکام کے ساتھ ہائر ایجوکیشن، ثقافت، فنی تعلیم، کان کنی اور سائبر سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، تکنیکی اور معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر انجینئر قمرالاسلام راجہ، چیئرمین نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، جدید فنی تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران ہائر ایجوکیشن، ثقافتی تبادلوں، فنی تعلیم، کان کنی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں، استعداد کار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تربیتی پروگراموں کے آغاز پر اتفاقِ رائے پایا گیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔انجینئر قمرالاسلام راجہ نے کہا کہ جدید فنی تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی روزگار کی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ بین الاقوامی تعاون سے ملک میں ہنر کے فروغ اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے