شجرکاری اور سرسبز ماحول کی اہمیت وقت کی اہم ضرورت ہے، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا

راولپنڈی کو پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق سرسبز، شاداب اور ماحول دوست شہر بنا رہے ہیں، احمد حسن رانجھا

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو صحت مند، صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی قومی ذمہ داری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر درخت لگانا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔ پنجاب حکومت کے وژن اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی احکامات کے مطابق ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو سرسبز، شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کے گرین بیلٹس، پارکس، شاہراہوں، چوکوں اور عوامی مقامات پر وسیع پیمانے پر شجرکاری، موسمی پھولوں کی کاشت، لانز کی بحالی، آرائشی پودوں کی تنصیب اور ماحول دوست سرگرمیوں کا تسلسل سے انعقاد کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف شہر کے حسن میں اضافہ کرنا ہے بلکہ شہریوں کو صاف فضا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔
احمد حسن رانجھا نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں جو آکسیجن فراہم کرنے، فضائی آلودگی میں کمی، درجہ حرارت کو معتدل رکھنے، زمینی کٹاؤ روکنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک سرسبز شہر نہ صرف ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ ہوتا ہے بلکہ وہاں رہنے والے شہریوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی جدید خطوط پر پارکس کی تزئین و آرائش، نئے پودوں کی افزائش، نرسریوں کی بہتری اور گرین انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں نئے پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ موجودہ سبزہ کی حفاظت اور دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ یہ منصوبے دیرپا نتائج دے سکیں۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے شہریوں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، کاروباری طبقے اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ہر فرد کم از کم ایک درخت ضرور لگائے اور اس کی دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ صرف درخت لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نشوونما بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف، سرسبز اور خوبصورت راولپنڈی کی تعمیر حکومت اور اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر ہم سب مل کر ماحول کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں تو آنے والی نسلوں کو ایک بہتر، محفوظ اور صحت مند پاکستان دے سکتے ہیں۔
احمد حسن رانجھا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق شہر کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی اور شجرکاری، پارکس کی بہتری اور گرین بیلٹس کی ترقی کے منصوبوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ راولپنڈی کو ملک کے خوبصورت اور مثالی شہروں میں شامل کیا جا سکے،