





8 کارروائیوں میں 55.281 کلوگرام منشیات برآمد، مالیت 92 لاکھ روپے سے زائد، اسلام آباد میں ملزم کا طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف
اسلام آباد (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے آٹھ کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 55.281 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں فیصل آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے ایک کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 175 گرام وزنی 25 آئس سے بھرے کیپسولز نکال لیے گئے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کے سامان میں کپڑوں میں جذب 4.606 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے وزٹنگ کارڈز میں جذب 6.5 کلوگرام کینابس آئل برآمد ہوا، جبکہ کراچی کے گلشن اقبال میں ایک کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں کپڑوں سے 2 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب دو گاڑیوں سے 33.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کوئٹہ کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 5 کلوگرام آئس برآمد کر کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





