




کراچی، راولپنڈی اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں 5 کارروائیاں، 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات اور 204 لیٹر شراب ضبط، مقدمات درج
اسلام آباد (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پانچ مختلف کارروائیوں میں 213.381 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق شاہراہ فیصل کراچی میں ایک کورئیر آفس پر کارروائی کے دوران آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں ہاکی بال کے اندر چھپائی گئی 2.1 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔
کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 672 بوتلوں پر مشتمل مجموعی طور پر 204 لیٹر شراب برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پیر ودھائی راولپنڈی کے قریب ایک گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
جی ٹی روڈ راولپنڈی بس ٹرمینل کے قریب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کے قبضے سے 56 گرام وزنی 100 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔
ادھر رنگ روڈ پشاور میں ایک کورئیر آفس پر کارروائی کے دوران پارسل میں موجود جار سے 25 گرام وزنی 30 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





