جاتلی پولیس نے مویشیوں کے ڈیرے کے ملازم کا اندھا قتل ٹریس کر لیا، ڈیرے کا مالک اور ساتھی گرفتار

لین دین کے تنازع پر فرحان کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، تین ہفتے قبل لاش ملی تھی، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا: ایس پی صدر انعم شیر

راولپنڈی (صنوبر کیانی) تھانہ جاتلی پولیس نے مؤثر تفتیش کے ذریعے مویشیوں کے ڈیرے کے ملازم کے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں مویشیوں کے ڈیرے کا مالک اور اس کا ساتھی شامل ہیں، جو مقتول کے قاتل نکلے۔
پولیس کے مطابق مقتول فرحان کی لاش تین ہفتے قبل ڈیرے کے قریب سے ملی تھی، جس پر تھانہ جاتلی پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔ دورانِ تفتیش پولیس نے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور شواہد کی روشنی میں مویشیوں کے ڈیرے کے مالک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے لین دین کے تنازع پر فرحان کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پولیس نے ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی صدر انعم شیر نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔