
سردار ایاز صادق کا دونوں سفیروں کی سفارتی خدمات کو خراجِ تحسین، پارلیمانی روابط اور دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ پر زور
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف اور قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن نے اپنی اپنی سفارتی مدت مکمل ہونے پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں الگ الگ الوداعی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف سے ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں، جبکہ دونوں برادر ممالک علاقائی اور عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ بین الاقوامی اور پارلیمانی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے، جو مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط میں مسلسل اضافہ دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔ انہوں نے آذربائیجان میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کو بھی عوامی روابط کے فروغ کی علامت قرار دیتے ہوئے پارلیمانی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران انہیں حکومت اور عوام کی جانب سے بھرپور عزت، محبت اور تعاون ملا، جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔
دریں اثنا، قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن سے ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے قازق سفیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور انہیں اقتصادی، تجارتی اور پارلیمانی تعاون کے ذریعے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جبکہ پارلیمانی روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کرے گا۔ اسپیکر نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بطور سفیر خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز رہا اور یہاں انہیں جو عزت، خلوص اور تعاون ملا، وہ ہمیشہ ان کی یادوں کا حصہ رہے گا۔





