حکومتی پالیسی سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے ۔اجمل بلوچ .

پٹرول ۔ گیس اور بجلی مہنگی ہونے سے کاروبار سکڑ گئے ہیں ۔ خالد چوہدری

مہنگائی کے خاتمہ کے لئے حکومتی اقدامات ضروری ہیں ۔ اختر عباسی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن پاکستانی تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ ۔سیکرٹری و چیرمین ٹریڈرز اینڈ مارکیٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری اور ٹریڈرز ویلفیر ایسوسی ایشن آب پارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسی کی وجہ سے ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ سونے پر سہاگہ چیکنگ کے نام پر دکانداروں کو جرمانوں کی شکل مزید ٹیکہ لگایا جا رہا ہے ۔ اشیاء خور و نوش غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں ۔ جبکہ فروٹ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ۔ حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود تھے لیکن یکایک ملک میں گندم کی قلت کا بحران سر اٹھا رہا ہے۔ گندم کہاں گئی ؟ پٹرول ۔ گیس اور بجلی کی مہنگائی سے قوت خرید میں کمی آئی ہے اور تقریباً تیس فی صد کاروبار سکڑ چکے ہیں ۔ اخراجات بھی پورے کرنا مشکل ہیں۔ مہنگائی کے خاتمے سے کے لئے حکومتی اقدامات کم ہیں جبکہ مجسٹریٹوں نے مار دھاڑ شروع کر رکھی ہے. ان سے تاجر جرمانوں کی رسیدیں مانگتے ہیں جو نہیں دی جاتیں – چیف کمشنر سہیل اشرف ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیں کہ بلا وجہ جرمانوں کا سلسلہ بند کیا جائے ۔