چہلم، آزاد کشمیر انتخابات اور سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے احکامات، آر پی او راولپنڈی
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی زیر صدارت ریجنل پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں ریجن بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران آر پی او نے ہدایت کی کہ چہلم کے جلوسوں اور مجالس، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات، چینی شہریوں، دیگر غیر ملکیوں، سی پیک منصوبوں اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی کے لیے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع اور پولیس یونٹس باہمی رابطے کو مزید مؤثر بناتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ کو فروغ دیں۔بابر سرفراز الپا نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات کی نگرانی سپروائزری افسران خود کریں اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، نامکمل چالان والے مقدمات میں مفرور ملزمان کی ٹریسنگ اور مؤثر تفتیش کے ذریعے سزا کی شرح میں اضافہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے، کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد اور ہوٹل آئی و ٹریول آئی سافٹ ویئر کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ آر پی او نے بین الصوبائی اور دریائی چیک پوسٹوں پر سکیورٹی مزید سخت کرنے، سرچ، کومبنگ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اہم تنصیبات اور چائنیز منصوبوں کی سکیورٹی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے اور کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
آر پی او بابر سرفراز الپا کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ راولپنڈی ریجن پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پولیس ہر ممکن ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام سے مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے مؤثر اور مربوط پولیسنگ کو مزید تقویت ملے گی۔





