14 اگست کو جیوے پاکستان ریلی اور استحکام پاکستان کنونشن ہوگا، شہزادہ عثمان طاہر

ریاست سے وفاداری سیاسی و جماعتی وابستگی سے بڑھ کر ہے، عوام اور اوورسیز پاکستانیوں میں شعور اجاگر کرنا تحریک استحکام پاکستان کا مقصد ہے، اظہر محمود اعوان

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) تحریک استحکام پاکستان کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو ’’جیوے پاکستان ریلی‘‘ اور ’’استحکام پاکستان کنونشن‘‘ منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں استحکام پاکستان اوورسیز فورم کے بانی و چیئرمین شہزادہ عثمان طاہر اور چیف ایڈوائزر آئی پی او ایف یورپ و ترجمان تحریک استحکام پاکستان اظہر محمود اعوان پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ تحریک استحکام پاکستان اسلام آباد کے چیف کوآرڈینیٹر میر محمد علی کی جانب سے ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں راولپنڈی اسلام آباد کی معروف سماجی، سیاسی، مذہبی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شہزادہ عثمان طاہر نے کہا کہ استحکام پاکستان اوورسیز فورم کو دنیا بھر میں ملنے والی پذیرائی اور کامیابی کے بعد انہی مقاصد کے پیش نظر پاکستان میں تحریک استحکام پاکستان کی بنیاد رکھی گئی، جس کا شاندار آغاز ریلیوں اور کنونشنز سے ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کی رکن سازی کے ساتھ ساتھ اسے ملک بھر کے اضلاع اور تحصیلوں تک منظم کیا جا رہا ہے، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، پشاور، مری اور کشمیر کے بعض علاقوں میں کوآرڈینیٹرز مقرر کیے جاچکے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں تنظیم سازی کا عمل جاری ہے۔ اظہر محمود اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان اوورسیز فورم اور تحریک استحکام پاکستان کا بنیادی مقصد عوام اور اوورسیز پاکستانیوں میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ سیاسی یا جماعتی وابستگی سے بڑھ کر ریاست سے وفاداری اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک استحکام پاکستان عوام کے شعور کی بیداری کی ایک غیر سیاسی تحریک ہے جس کا مقصد شہریوں کو جماعتی اور ریاستی وفاداری کے فرق کو سمجھنے کے قابل بنانا ہے۔ تقریب میں صدر پاکستان عوامی تحریک و وائس چیئرمین سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی غلام علی خان، چیف کوآرڈینیٹر تحریک استحکام پاکستان گوجر خان مرزا تیمور علی وارثی، سابق امیدوار قومی اسمبلی این اے 56 راجہ عاصم، چیئرمین یونین کونسل و چیئرمین واٹر بورڈ تنویر اختر بھٹی، کشمیر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت راجہ نعیم، نوجوان کشمیری رہنما راجہ ماجد، کاروباری شخصیات ثاقب عزیز اور قیصر راجہ، علامہ اشتیاق علوی، رضوان اکبر، شاہ میر، واسع اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ شرکاء نے تحریک استحکام پاکستان کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ میر محمد علی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تحریک کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر سربراہ جامعہ صدیقیہ و مرکزی خطیب جامع مسجد صدیقیہ علامہ اشتیاق علوی نے ’’وطن کی محبت سنت رسول ﷺ ہے‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا اور اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔