جعلی امریکی مستقل رہائشی کارڈ پر سعودی عرب کا ویزا حاصل کرنے والا مسافر آف لوڈ

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ کی کارروائی، مسافر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے، مزید تفتیش جاری

اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی)ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور غلط بیانی پر مبنی امریکی مستقل رہائشی کارڈ کی بنیاد پر سعودی عرب کا سیاحتی ویزا حاصل کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق 8 اگست 2026 کو سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران پی آئی اے کی پرواز پی کے 841 کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر کی سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ اس نے جعلی امریکی مستقل رہائشی کارڈ کی بنیاد پر سعودی عرب کا سیاحتی ویزا حاصل کیا تھا۔ مسافر کا تعلق پشاور سے ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران مسافر نے انکشاف کیا کہ اس نے حسین نامی ایجنٹ کو 2 لاکھ 20 ہزار روپے ادا کرکے مذکورہ ویزا حاصل کیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے مسافر کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔