یومِ آزادی کے موقع پر 10 سے 16 اگست تک پابندی، خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی
مری (راجہ عثمان علی)یومِ آزادی کے موقع پر مری میں امن و امان، ٹریفک کے نظام اور شہریوں و سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مال روڈ اور جی پی او چوک پر رسائی کو محدود کر دیا ہے۔دفتر ڈپٹی کمشنر مری سے جاری حکم نامے کے مطابق 10 اگست سے 16 اگست 2026 تک مال روڈ اور جی پی او چوک پر صرف فیملیز کو رسائی کی اجازت ہوگی، جبکہ غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت محدود رہے گی۔ یہ احکامات ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق مذکورہ اقدام یومِ آزادی کے دوران متوقع رش، ٹریفک کے دباؤ اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ فیصلہ پولیس حکام کی سفارشات اور سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعلقہ انتظامی و پولیس حکام کو حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ مری میں جشنِ آزادی کے موقع پر امن، نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔حکم نمبر DC-MRE/310 مورخہ 10 اگست 2026 کے تحت جاری ہونے والے یہ احکامات 16 اگست 2026 تک نافذ العمل رہیں گے۔





