اسلام آباد(سٹی رپورٹر)
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے تعلیم کو قومی ترجیحات میں نمایاں مقام دینا ہوگا، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی، اساتذہ کی تربیت اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےپیٹرن چیف اپسکا پنجاب قاضی ظہور الحق کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا، سیکرٹری جنرل محمد اشرف حراج، ڈاکٹر رخسانہ خان، پنجاب کے جنرل سیکرٹری ساجد الیاس چوہدری، ڈویژنل صدر راولپنڈی عرفان مظفر کیانی، ضلعی صدور طاہر خان دورانی، صفدر ملک، ملک حفیظ الرحمن اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ ایسوسی ایشن فروغِ علم، طلبہ کی معاونت، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرمیاں مزید مؤثر بنائے گی اور ساجد الیاس چوہدری سمیت تمام شرکاء کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ساجد الیاس چوہدری نے کہا کہ رحیم یار خان کے نجی تعلیمی اداروں کو سیل کرنا غیر قانونی اور تعلیم کش اقدام ہے، مسائل کا حل مذاکرات سے نکالا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔
عرفان مظفر کیانی نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور سندھ کی طرح راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کے تعلیمی ادارے بھی فی الفور کھولے جائیں۔ پنجاب کو تعلیمی پسماندگی کی طرف دھکیلنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔اجلاس کے شرکاء نے حکومت سے نجی تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی، شرحِ خواندگی میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





