اٹک میں جشنِ آزادی کی تیاریاں مکمل، سرکاری عمارات برقی قمقموں سے سجانے اور قومی پرچم نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت

اٹک(سلمان خان/نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کہا ہے کہ 14 اگست یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات ضلع بھر میں قومی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منائی جائیں گی، تمام سرکاری محکمے تقریبات میں بھرپور کردار ادا کریں اور انتظامات کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار 14 اگست کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انیل سعید نے اجلاس کو جشنِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب صبح 8 بجے منعقد ہوگی، جس میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری افسران، منتخب نمائندگان، سول سوسائٹی، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا جائے گا جبکہ پاکستان کی آزادی کی خوشی میں مختلف خصوصی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق ضلع بھر کی سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ نمایاں مقامات پر قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں کی جائیں گی۔ مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے سیمینارز، ملی نغموں اور دیگر خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے اپنی عمارات اور متعلقہ مقامات پر جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے قومی پرچم اور آرائشی اشیاء نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی، نظم و ضبط اور دیگر انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کہا کہ یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے اور اس موقع پر وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنے عزم کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور کردار ادا کریں اور عوام کو بھی ان تقریبات میں شرکت کی ترغیب دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 14 اگست کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں، قومی پرچم لہرائیں اور وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں جشنِ آزادی کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔